ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز میں پاکستان کی شرکت پر خوشی ہے، ماریہ زخارووا

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia

ماسکو میں دوسرے بین الاقوامی یوریشیائی فلم ایوارڈز ’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘ کی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں مختلف ممالک کے فنکاروں، ہدایت کاروں اور اداکاروں کی بڑی تعداد میں شرکت بین الاقوامی ثقافتی روابط کے حوالے سے اہم ہے۔ سوال کے جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ وہ آج خود بھی اس فلم ایوارڈ کی تقریب میں شریک ہیں، جہاں مختلف ممالک کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور اس میں پاکستان کی نمائندگی بھی ہو رہی ہے۔ انہیں ابھی معلوم نہیں کہ کون کامیاب ہوگا، اس لیے وہ نتائج کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتیں، تاہم انہیں خوشی ہے کہ اس تقریب میں مختلف ممالک کی بھرپور نمائندگی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستان کے ایک نمائندے کو ایک کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے، ممکن ہے دوسری کیٹیگریز میں بھی پاکستانی نامزدگیاں موجود ہوں۔ واضح رہے کہ ماسکو میں منعقدہ دوسرے بین الاقوامی یوریشیائی فلم ایوارڈز ’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘ میں پاکستان کی دو فلمیں ’میرا لیاری‘ اور ’ویلکم ٹو پنجاب‘ نامزد کی گئی تھیں۔