روس کے مشرقی خطے کامچاٹکا میں برفانی طوفان، دو افراد ہلاک

روس کے مشرقی خطے کامچاٹکا میں برفانی طوفان کو موسمیاتی اداروں نے گزشتہ سات برس کی سب سے زیادہ برفباری قرار دیا ہے۔ طوفان سے دارالحکومت کا مقامی انفراسٹرکچر مفلوج ہو گیا، دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ شہری گھروں میں محصور ہیں۔ موسمی صورتحال کے سبب فضائی اور زمینی نقل و حمل متاثر ہے، اسکول اور کاروباری ادارے بند ہیں اور راستے متاثر ہونے سے اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ طوفان کو برفباری کے حوالے سے موسمیاتی مراکز نے غیر معمولی قرار دیا ہے۔ شدید برفباری سے رہائشی علاقے بری طرح متاثر ہوئے، کئی گھروں کے مکین برف میں محصور ہیں اور بعض علاقوں میں رہائشی اپنے گھروں سے نکلنے کے لیے برف کے اندر سرنگیں کھودتے دکھائی دیے۔ سڑکیں، پارکنگ ایریا، عمارتیں اور گاڑیاں مکمل طور پر سفید تہوں کے نیچے غائب ہیں جبکہ بھاری مشینری کے باوجود صفائی کا کام معمول سے کئی گنا سست ہے۔ موسمی بحران نے فضائی اور زمینی نقل و حرکت کو معطل کر دیا، پروازیں منسوخ، شاہراہیں بند اور عوامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر رکی ہوئی ہے۔ سرکاری دفاتر نے کام کو آن لائن منتقل کر دیا جبکہ تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ خوراک، دودھ، انڈے، روٹی اور ادویات کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے، بعض دکانوں میں اشیائے خورونوش مکمل ختم ہونے اور شہریوں کی قطاروں میں کھڑے ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایندھن کی فراہمی بھی دباؤ کا شکار ہے۔ حکام کے مطابق طوفان بحیرہ اوخوتسک میں کم دباؤ پیدا ہونے پر آیا جس کے بعد وقفے کے بغیر کئی روز برف برسائی۔ شہر میں میونسپل عملہ، ریسکیو یونٹس اور برف ہٹانے والی ٹیموں کے ساتھ فوجی انجینئرنگ یونٹ بھی سڑکوں کی بحالی، ہنگامی ترسیل اور شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر گھروں تک محدود رکھنے کے ساتھ موبائل چارج اور ذخیرہ ضروریات برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر معمول پر آنے میں ممکنہ طور پر ایک ہفتہ یا زیادہ بھی لگ سکتا ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia