پاکستان اور روس میں 2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف، پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط

2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف، پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط، بینکاری رکاوٹیں دور کرنے میں پیش رفت

ماسکو:(شاہد گھمن) پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ ماسکو میں پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے اختتام پر پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام اور اجلاس کے پروٹوکول پر دستخط کر دیے گئے۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف نے کی۔

دونوں ممالک کے درمیان پاکستان اور یوریشین اقتصادی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی فزیبلٹی اسٹڈی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ دونوں ممالک نے تیل و گیس کی تلاش، توانائی کی فراہمی، اسٹیل، زراعت، معدنیات کی تلاش اور انسولین کی مقامی پیداوار سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاک روس تجارت میں حائل بینکاری اور مالیاتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی لین دین کے لیے مشترکہ طریقہ کار منتخب کر لیا گیا ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ چار ہفتوں میں مالیاتی لین دین کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت میں اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کی مضبوط خواہش موجود ہے اور اسے عملی اقدامات میں بدلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں یہ تیسرا بین الحکومتی کمیشن تھا اور آنے والے دو سے تین سالوں میں پاکستان اور روس ایک بڑی اقتصادی شراکت داری کی طرف بڑھیں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے بہت سے شعبے ہیں، جن میں تجارت، تعلیم، ہنر کی تربیت اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم چیز جسمانی رابطہ ہے — سامان کی نقل و حمل اور کم لاگت پر روس تک رسائی، جس کے لیے مال بردار ٹرین کا ذریعہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فروری میں مال بردار ٹرین کا آزمائشی سفر ہونا تھا اور اس کا اعلان بھی کر دیا گیا تھا، لیکن خطے میں شروع ہونے والی پراکسی جنگ اور بلوچستان میں ہونے والے واقعات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، جبکہ اب حالات بڑی حد تک قابو میں آ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان روس کے دورے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور دورے کے دوران معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ بین الحکومتی کمیشن کا اگلا اجلاس 2027 میں پاکستان میں ہوگا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia