پاکستان اور روس میں 2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف، اویس لغاری کی دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو

2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف، پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو

ماسکو:(شاہد گھمن) روس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔ پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس کے اختتام پر پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط بھی کر دیے گئے ہیں۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں یہ تیسرا بین الحکومتی کمیشن تھا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت میں اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کی مضبوط خواہش موجود ہے اور اسے عملی اقدامات میں بدلا جا رہا ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے بہت سے شعبے ہیں، جن میں تجارت، تعلیم، ہنر کی تربیت اور سرمایہ کاری شامل ہیں، اور دونوں ممالک کے عوام کے ایک دوسرے کے ملکوں میں آنے جانے سے بھی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دو سے تین سالوں میں پاکستان اور روس ایک بڑی اقتصادی شراکت داری کی طرف بڑھیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم چیز جسمانی رابطہ ہے — سامان کی نقل و حمل اور کم لاگت پر روس تک رسائی، جس کے لیے مال بردار ٹرین کا ذریعہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فروری میں مال بردار ٹرین کا آزمائشی سفر ہونا تھا اور اس کا اعلان بھی کر دیا گیا تھا، لیکن خطے میں شروع ہونے والی پراکسی جنگ اور بلوچستان میں ہونے والے واقعات کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی، جبکہ اب حالات بڑی حد تک قابو میں آ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں عالمی سطح پر بڑا چیلنج ہے اور بین الحکومتی کمیشن تمام وزارتوں کے باہمی تعاون سے اسے حل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان روس کے دورے کے لیے بہت پرجوش ہیں اور دورے کے دوران معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia