روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش، پاکستانی طلبہ کے اسٹوڈنٹ ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، ماریہ زخارووا

ماسکو: روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے لیے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کے دو اہم سوالات کے جواب دیے۔ پہلے سوال میں افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف عملی اقدامات اور پاکستان کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں روس کے کردار کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔

جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس پہلے بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں مدد کی آمادگی ظاہر کر چکا ہے، اور ماسکو ثالثی اور مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام انتہائی ضروری ہے، کیونکہ وہاں بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں، خصوصاً داعش خراسان، سرگرم ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہے اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی پوشیدہ ایجنڈے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کے اہم شراکت داروں میں شامل ہے، اور ماسکو انسداد دہشت گردی کے معاملات پر اسلام آباد کے ساتھ دو طرفہ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ (روس، چین، ایران اور پاکستان) اور شنگھائی تعاون تنظیم کا بھی ذکر کیا۔

دوسرے سوال کے جواب میں ماریہ زخارووا نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ روس میں پاکستانی شہریوں کو اسٹوڈنٹ ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے مخصوص کیسز موجود ہیں تو ان کی مکمل تفصیلات روسی وزارت خارجہ کو فراہم کی جائیں، جو دوسرے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ہر کیس کا انفرادی طور پر جائزہ لے گی۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس

Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia