ماسکو میں میڈ اِن رشیا انٹرنیشنل ایکسپورٹ فورم میں پاکستانی تجارتی وفد کی بھرپور شرکت

ماسکو میں جاری میڈ اِن رشیا انٹرنیشنل ایکسپورٹ فورم میں پاکستانی تجارتی وفد نے بھرپور شرکت کی ہے۔ فورم کے دوران ماسکو اور گلوبل ساؤتھ کے درمیان تجارتی تعاون کے موضوع پر خصوصی پینل ڈسکشن منعقد ہوئی، جس میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ساقب فیاض اور پاکستانی تجارتی وفد نے شرکت کی۔

سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں روس کا سرکاری دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ یہ دورہ صرف ملاقاتوں اور مفاہمتی یادداشتوں تک محدود نہ رہے، بلکہ دونوں ممالک کی کمپنیاں تجارت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں عملی تعاون بڑھائیں۔ سفیر پاکستان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ادویہ سازی، جراحی آلات، کھیلوں کی مصنوعات اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ پینل ڈسکشن کے دوران سفیر پاکستان نے کہا کہ ویزوں، ادائیگیوں کے طریقہ کار اور لاجسٹکس کے مسائل کی نشاندہی کی جا چکی ہے، ادائیگیوں کے نظام پر اعلیٰ سطح پر مذاکرات جاری ہیں اور ممکن ہے کہ اگلے دو ہفتوں میں اہم پیش رفت سامنے آ جائے۔

فورم کے موقع پر سفیر پاکستان نے دنیا نیوز سے گفتگو میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان بینکاری، تجارتی ادائیگیوں اور لاجسٹکس کے مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پاکستانی تجارتی وفد کے ارکان نے بھی دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فورم میں شرکت اور پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعاون کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے آئی ٹی کا ایک بڑا وفد پہلی بار روس آیا ہے اور روس میں تعاون کے بہت مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دنیا بھر میں اور ایک دوسرے کے ممالک میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔

فورم میں روس کی جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات بھی پیش کی گئیں، جن میں جدید فضائی گاڑیاں، ویڈیو اینالٹکس اور سیکیورٹی سسٹم شامل ہیں۔

سفیر پاکستان کے مطابق پاکستانی تجارتی وفد کی میڈ اِن رشیا فورم میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور بینکاری، تجارتی ادائیگیوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia