Happy Christmas in Russia! President Putin! 7 Jan 2026! Report Shahid Ghumman Dunya News Russia

روس میں آرتھوڈوکس مسیحیوں نے کرسمس کا مقدس تہوار مذہبی عقیدت اور روحانی فضا میں منایا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے قوم کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے امن، محبت اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔ روس بھر میں آرتھوڈوکس مسیحیوں نے کرسمس مذہبی جوش و جذبے اور روحانی سکون کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر ملک بھر کے گرجا گھروں کو خصوصی طور پر سجایا گیا جبکہ رات بھر جاری رہنے والی تقریبات میں ہزاروں مرد و خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ ماسکو، سینٹ پیٹرز برگ، ولادی ووسٹک اور دیگر بڑے شہروں میں کرسمس کی دعائیہ تقریبات پرامن ماحول میں منائی گئیں جہاں مسیحی برادری نے دنیا میں امن، استحکام اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا کی۔ آرتھوڈوکس کرسمس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مقدس تہوار محبت، خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کا پیغام دیتا ہے اور لوگوں کو ان کی روحانی روایات اور اخلاقی اقدار سے جوڑتا ہے۔ روسی صدر نے ماسکو ریجن میں واقع چرچ آف دی گریٹ مارٹر سینٹ جارج دی وکٹوریس میں خصوصی عبادت میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ روس میں آرتھوڈوکس مسیحی جولین کیلنڈر کے مطابق سات جنوری کو کرسمس مناتے ہیں جو مغربی ممالک میں منائے جانے والے پچیس دسمبر سے مختلف ہے۔ حکومت کی جانب سے اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia