ماسکو اسلام آباد میڈیا فورم 2026 ماسکو میں منعقد ہوا | شاہد گھمن

2 مارچ 2026 کو ماسکو میں ماسکو اسلام آباد میڈیا فورم 2026 منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور روس نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم میں علاقائی سلامتی، معلوماتی تعاون اور بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے پر گفتگو ہوئی۔ روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں عملی پیش رفت کے لیے نجی شعبے اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو وسعت دی جا رہی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں معلومات ایک طاقت کی صورت اختیار کر چکی ہیں، اور غلط معلومات اور پروپیگنڈہ عالمی استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے ذمہ دارانہ صحافت اور باہمی معلوماتی تبادلہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ روس کے پاکستان میں سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ یک قطبی نظام کا دور ختم ہو چکا ہے اور عالمی تعلقات میں کثیر قطبی نظام مضبوط ہو رہا ہے۔ فورم سے سینیٹر مشاہد حسین سید اور انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل اعزاز احمد چوہدری سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور روس باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی استحکام کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia