نئے سال سے قبل پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کا انٹرویو

پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کا کہنا ہے کہ روسی لوگ پورے سال کی خواہشات نئے سال کی آمد پر پوری کرتے ہیں۔ روس میں نئے سال دو ہزار چوبیس کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کووڈ اور یوکرین میں فوجی آپریشن کی وجہ سے پچھلے دو تین سال پہلے جیسا جوش و جذبہ دیکھنے کو نہیں ملا لیکن اس سال لوگ دو ہزار چوبیس کو خوش آمدید کہنے کے لیے جوق در جوق ماسکو کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ماسکو میں نمائندہ 92 نیوز شاہد گھمن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نئے سال کی آمد آمد ہے اور ہم ریڈ اسکوائر پر موجود ہیں۔ ملک شہباز نے کہا کہ پچھلے تین چار سال کووڈ نے تین سال تو مکمل طور پر متاثر کر دیا اور اس کے بعد روس اور یوکرین کی جنگ شروع ہو گئی جس کے بعد بھی دنیا بھر میں جو حالات ہیں وہ سب کو پتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سالوں کی نسبت آہستہ آہستہ بہتری آ رہی ہے اور میری دعا ہے کہ اللہ کرے کہ یہ دو ہزار چوبیس کا جو سال آئے، دنیا میں جو جنگیں ہو رہی ہیں، جو بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں اور بے قصور معصوم بچے مارے جا رہے ہیں، اللہ کرے کہ یہ جو بھی آپس میں اختلافات ہیں، وہ بیٹھ کر حل کریں اور اس کا کوئی مثبت حل نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریڈ اسکوائر پر لوگوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور لوگ نیا سال منا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس میں نیا سال بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے اور لوگ اپنی خواہشات پوری کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال امن لائے گا اور جنگوں کا خاتمہ ہوگا۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News