ماسکو میں کرسمس اور نئے سال کی کی تیاریاں عروج پر، رپورٹ شاہد گھمن دنیا نیوز روس

دنیا بھر کی طرح ماسکو میں بھی کرسمس اور نئے سال کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ شہر بھر میں جوش کا سماں ہے اور خاص طور پر ریڈ اسکوائر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے جہاں رنگ برنگی روشنیاں، کرسمس کے درخت، ونٹر فیسٹیول کے سٹالز اور اسکیٹنگ رنک شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ دارالحکومت کی روشنیاں، جلملاتے درختوں اور پہاڑوں کی چمک دیکھنے والوں کے دل کو موہ لیتی ہے۔ روسی شہری اور دنیا بھر سے آنے والے سیاح نئے سال کے جشن میں بھرپور طریقے سے شریک ہونے کے لیے شہر کے مرکزی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔ دنیا کے معروف تاریخی ریڈ اسکوائر کو اس سال بھی دلہن کی طرح سجایا گیا ہے جہاں کریملن کی سرخ دیواروں کے سامنے جلملاتی رنگین لائٹس، برف سے ڈھکے راستے اور خوبصورت سجاوٹ دیکھنے والوں کو ایک جادوئی دنیا میں لے جاتی ہے۔ اسکوائر میں لگایا جانے والا کرسمس کا درخت اور رنگ برنگے ونٹر فیسٹیول سٹالز ماسکو کے تہواروں کی پہچان بن چکے ہیں۔ ریڈ اسکوائر میں موجود گم شاپنگ مال کو بھی ہزاروں لائٹس اور سجاوٹ ڈیزائن سے آراستہ کیا گیا ہے۔ بچے اسکیٹنگ رنک کا لطف اٹھا رہے ہیں جبکہ بڑوں کے لیے گرم چائے، روسی پین کیکس اور روایتی کھانوں کے سٹالز خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ شہر کے دوسرے مقامات پر بھی خصوصی روشنیوں سے سجے کرسمس مارکیٹس شہریوں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔ ماسکو حکومت نے سکیورٹی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ شہری بغیر کسی پریشانی کے جشن میں حصہ لے سکیں۔ روسی شہری تہوار کو نہ صرف مذہبی اور ثقافتی اہمیت دیتے ہیں بلکہ اسے خاندانی میل جول اور خوشیوں کا دن بھی تصور کرتے ہیں۔ نئے سال اور کرسمس کی تیاریاں جہاں دنیا بھر میں جاری ہیں وہیں ماسکو اپنے روایتی تہواری انداز اور جدیت کے رنگوں کے امتزاج کے ساتھ ایک بار پھر دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia