ماسکو میں موسم سرما نے پوری طاقت کے ساتھ دھاوا بول دیا، رپورٹ

ماسکو میں موسم سرما نے پوری طاقت کے ساتھ دھاوا بول دیا ہے۔ شہر میں شدید برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں، ٹریفک جام اور پروازوں اور راستوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں برف کی مجموعی موٹائی چالیس سے پچاس سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے اور حالیہ برفباری گزشتہ کئی دہائیوں میں سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پڑنے والی برف جنوری کی اوسط سے چالیس فیصد سے زائد ریکارڈ ہوئی ہے۔ شہر کے مضافات میں ایک میٹر تک برف کے ڈھیر لگ گئے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست ہو گئی ہے اور بعض مقامات پر ٹریفک جام ہو گیا ہے۔ بلدیاتی اداروں نے برف صاف کرنے والی گاڑیاں اور ہزاروں اہلکار تعینات کیے ہیں جو مرکزی شاہراہوں، پلوں اور فٹ پاتھوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑیوں کو موسم کے مطابق تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ درجہ حرارت منفی سترہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے سے پانی کی لائنیں جمنے اور سڑکوں کے پھسلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ہسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز نے سخت موسم اور پھسلن سے متعلق واقعات رپورٹ کیے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران مزید کڑی سردی برقرار رہنے اور وقفے وقفے سے مزید ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia