ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث آزربائیجان کے دارالحکومت باکو سے نمائندہ دنیا نیوز شاہد گھمن کی تازہ ترین اپڈیٹس

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات خطے کے دیگر ممالک تک بھی پہنچ رہے ہیں۔ آزربائیجان کا دارالحکومت باکو سیاحت کے حوالے سے اہم مقام رکھتا ہے، جہاں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث سیاحت اور ریستوران سے وابستہ کاروباری افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ نمائندہ دنیا نیوز شاہد گھمن نے باکو کی معروف نظامی اسٹریٹ سے رپورٹ پیش کی، جسے شہر کا دل بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سڑک روشنیوں، رنگوں اور زندگی سے بھرپور ہے، لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود ہے اور شام کے وقت لوگ چہل قدمی کر رہے ہیں، کچھ خریداری میں مصروف ہیں اور کچھ کیفے اور ریستوران میں وقت گزار رہے ہیں۔ یہاں بڑے ریستوران اور کیفے کے ساتھ ساتھ چھوٹی چھوٹی رنگ برنگی دکانیں بھی سجی ہیں، جن میں مقامی دستکاری، تحائف، کپڑے اور دیگر دلچسپ اشیا دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کا ماحول نہایت پرامن اور خوشگوار ہے، خواتین اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود ہیں اور سیکیورٹی کے مکمل انتظامات ہیں، جس کی وجہ سے لوگ خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں کسی حد تک کمی آئی ہے، کیونکہ لوگ غیر یقینی حالات کے باعث سفری منصوبے ملتوی کر رہے ہیں، لیکن اس کے برعکس مقامی سیاحت میں واضح اضافہ ہوا ہے اور بڑی تعداد میں مقامی شہری اور قریبی علاقوں سے آنے والے افراد یہاں کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے نظامی اسٹریٹ پر رونق برقرار ہے اور کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔ شام کے وقت روشنیوں کی چمک، لوگوں کی گہماگہمی اور موسیقی کی ہلکی آواز ایک زندہ دل ماحول پیدا کرتی ہے۔ مجموعی طور پر کشیدگی کے باوجود باکو کی نظامی اسٹریٹ پر زندگی معمول کے مطابق جاری ہے اور یہ سڑک آج بھی باکو کی خوبصورت ثقافت اور جدید طرز زندگی کی بہترین عکاسی کر رہی ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia