یوکرینی صدر کا امن منصوبہ! شاہد گھمن ماسکو سے لائیو دنیا نیوز

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکہ کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں یوکرین کا بیس نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے۔ منصوبے میں روس کے ساتھ ممکنہ غیر حملہ آور معاہدہ، سکیورٹی ضمانتیں اور یوکرین کے مستقبل کے حوالے سے بڑے فیصلے شامل ہیں۔ منصوبے کا مقصد یوکرین کی خودمختاری کو مضبوط کرنا، روس کے ساتھ غیر حملہ آور معاہدہ یقینی بنانا اور ملک میں امن قائم کرنا بتایا گیا ہے۔ امن منصوبے کے اہم نکات کے مطابق امن کے وقت یوکرین کی فوج تقریباً آٹھ لاکھ فوجیوں پر مشتمل ہوگی جبکہ امریکہ، نیٹو اور یوکرین سکیورٹی ضمانتیں فراہم کریں گے جو نیٹو کے آرٹیکل فائیو جیسی ہوں گی۔ نکتہ چھے کے مطابق روس کے ساتھ غیر حملہ آور معاہدہ لازمی ہوگا۔ نکتہ سات یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کی بات کرتا ہے مگر کسی مخصوص طریقہ کار کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ نکات آٹھ اور نو کے تحت یوکرین کے لیے عالمی امدادی پیکج اور آٹھ سو ارب ڈالر کی بحالی فنڈ کی تجویز دی گئی ہے۔ نکتہ دس کے مطابق یوکرین کو امریکہ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ جلد مکمل کرنا ہوگا۔ نکات گیارہ اور بارہ میں یوکرین کی غیر جوہری حیثیت اور زاپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کی صورتحال شامل ہے جس پر امریکہ اور یوکرین کا ابھی کوئی حتمی اتفاق نہیں ہوا۔ نکتہ تیرہ میں یوکرین میں مختلف ثقافتوں کے لیے تعلیمی اصلاحات کرانے کی تجویز ہے جبکہ نکتہ چودہ میں سرزمین سے متعلق امور شامل ہیں مگر دونوں جانب سے فوجیوں کی واپسی کے معاہدے پر امریکہ اور یوکرین نے کوئی حتمی اتفاق نہیں کیا۔ یہ منصوبہ یوکرین کی طرف سے امن کے لیے جامع حکمت عملی کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور متنازع نکات پر ابھی مذاکرات جاری ہیں۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia