How Do People Survive in -70°C? | Oymyakon Russia! Shahid Ghumman

دنیا کے نقشے پر چند ہی ایسے مقامات ہیں جہاں سردی صرف موسم نہیں بلکہ زندگی کا سب سے بڑا امتحان بن جاتی ہے۔ روس کے مشرقی علاقے سائبیریا میں واقع اویمیاکون انہی مقامات میں شامل ہے جہاں درجہ حرارت منفی ستر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے۔ اویمیاکون کو دنیا کا سرد ترین آباد شہر قرار دیا جاتا ہے جہاں زندگی قدرت کی سخت ترین آزمائشوں میں سانس لیتی دکھائی دیتی ہے۔ اویمیاکون وہ علاقہ ہے جہاں سردی اتنی شدید ہوتی ہے کہ سانس لیتے ہی ہوا میں بھاپ جم جاتی ہے، پلکوں پر برف جمنے لگتی ہے اور وقت جیسے تھم سا جاتا ہے۔ یہ سردی صرف جسم کو نہیں بلکہ انسانی حوصلے کو بھی آزماتی ہے۔ یہ شہر عالمی شہرت اس وقت حاصل کر گیا جب سن انیس سو تینتیس میں یہاں منفی سڑسٹھ اعشاریہ سات ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو آج بھی دنیا کے سرد ترین آباد مقام کا عالمی ریکارڈ ہے۔ سردیوں کے مہینوں میں اویمیاکون کا درجہ حرارت عموما منفی پچاس سے منفی ستر ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے جبکہ گرمیوں کا موسم صرف چند ہفتوں کے لیے آتا ہے جس دوران درجہ حرارت حیران کن طور پر بیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔ اویمیاکون میں زندگی کے اصول دنیا کے دیگر حصوں سے یکسر مختلف ہیں۔ یہاں گاڑیاں بند نہیں کی جاتیں کیونکہ ایک بار انجن بند ہو جائے تو شدید سردی میں دوبارہ اسٹارٹ ہونا تقریبا ناممکن ہو جاتا ہے۔ گھروں میں حرارتی نظام چوبیس گھنٹے فعال رہتا ہے جبکہ لوگ کئی تہوں پر مشتمل خصوصی لباس استعمال کرتے ہیں جن میں فر کوٹ، موٹے اون کے دستانے اور مخصوص ٹوپی شامل ہوتی ہیں۔ شدید سردی کے باوجود اویمیاکون میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوتیں۔ اویمیاکون کی زندگی سال کے بیشتر حصے میں برف میں جمی رہتی ہے جسے پرما فراسٹ کہا جاتا ہے۔ ایسی برفانی زمین میں سبزیاں اور فصلیں اگانا تقریبا ناممکن ہے۔ مقامی آبادی اپنی خوراک کے لیے زیادہ تر شکار، مچھلی اور ہرن کے گوشت پر انحصار کرتی ہے تاکہ جسم شدید سردی میں درجہ حرارت برقرار رکھ سکے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اویمیاکون کا مطلب ہے نہ جمنے والا پانی۔ یہ نام یہاں موجود ایک قدرتی گرم چشمے کی وجہ سے رکھا گیا جو شدید سردی کے باوجود منجمد نہیں ہوتا اور مقامی آبادی کے لیے پانی کا عام ذریعہ ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں اویمیاکون ایکسٹریم ٹورزم کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ دنیا بھر سے سیاح یہاں آتے ہیں تاکہ زمین کے سرد ترین آباد مقام پر زندگی کو قریب سے دیکھ سکیں اور منفی درجہ حرارت کا تجربہ حاصل کر سکیں۔ اویمیاکون سردی کا شہر نہیں بلکہ انسانی حوصلے، برداشت اور عزم کی علامت ہے۔ یہاں کے باسی ثابت کرتے ہیں کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو قدرت کی سخت ترین آزمائشوں میں بھی زندگی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia