Heavy Snow falling in Russia! Shahid Ghumman live report from Moscow

روس کے دارالحکومت ماسکو سمیت کئی شہروں میں شدید سردی اور برفباری جاری ہے۔ طاقتور سائیکلون مسلسل برفباری، تیز برفیلی ہواؤں اور شدید منفی درجہ حرارت کا باعث بن رہا ہے۔ ماہرین گزشتہ کئی دہائیوں کی سب سے شدید برفباری قرار دے رہے ہیں۔ ماسکو کے ہوائی اڈوں پر کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں یا منسوخ کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ماسکو اور وسطی روس کے لیے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ روز سے برفانی طوفان نے شدت اختیار کر لی جس کے نتیجے میں دارالحکومت ماسکو سمیت متعدد علاقوں میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور سائیکلون نے روس کے وسطی حصے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث مسلسل برفباری، برفیلی آندھی اور شدید منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں شدید برفباری کو گزشتہ کئی دہائیوں میں غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ برفانی طوفان کے باعث ماسکو کے ہوائی اڈوں پر سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور متعدد پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہوئی ہیں۔ ٹریفک پولیس نے سڑکوں پر پھسلن اور برف کے جمنے کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ بلدیہ کے عملے نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے برف ہٹانے کا کام تیزی سے شروع کر دیا ہے۔ درجہ حرارت کی بات کی جائے تو برفانی طوفان کے ساتھ روس کے کئی بڑے شہروں میں درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا گیا ہے جن میں ماسکو کا درجہ حرارت منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ، سینٹ پیٹرز برگ میں درجہ حرارت منفی دس، کازان میں منفی آٹھ، یکتیرین برگ میں منفی دس، کراسنویارسک میں منفی تیس جبکہ روس کے سردترین علاقے اویمیاکون کا درجہ حرارت منفی چالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفانی طوفان آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ ہفتے کے وسط میں موسم بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia