روسی صدر ولادیمیر پوتن سے امریکی وفد کی ملاقات رپورٹ شاہد گھمن نمائندہ دنیا نیوز روس Shahid Ghumman

روس اور امریکہ کے درمیان یوکرین تنازعے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ماسکو میں اعلیٰ سطحی ملاقات تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہی جسے روس نے بامعنی اور تعمیری قرار دیا۔ روس، امریکہ اور یوکرین پر مشتمل تین فریقی سکیورٹی ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس ابوظہبی میں شیڈول ہے۔ روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے بتایا ہے کہ امریکی وفد ڈیووس سے روس پہنچا اور امریکی وفد نے ڈیووس میں ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان ملاقات سے متعلق تازہ صورتحال روسی صدر کے ساتھ شیئر کی۔ روس اور امریکی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات تقریباً چار گھنٹے جاری رہی جو بامعنی، تعمیری اور باہمی اعتماد پر مبنی تھی۔ مذاکرات میں دونوں فریقوں نے یوکرین مسئلے کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔ روس امریکہ اقتصادی گروپ کا علیحدہ اجلاس بھی ہوگا جس کی سربراہی روس کی جانب سے کریل دیمتریف اور امریکہ کی جانب سے سٹیو وٹکوف کریں گے۔ مذاکرات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ امن کونسل پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ روس ایک ارب ڈالر دینے کو تیار ہے بشرطیکہ یہ رقم امریکہ کی جانب سے منجمد روسی اثاثوں سے فراہم کی جائے۔ باقی منجمد رقم روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدے کے بعد جنگ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی پر خرچ کی جا سکتی ہے۔ دونوں فریقوں نے اعتراف کیا کہ باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور امریکی وفد نے یوکرین تصفیے کے بعد ممکنہ مشترکہ منصوبے کی تجویز بھی پیش کی۔ ملاقات دونوں ممالک کے لیے مفید رہی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ روس اور امریکہ یوکرین سمیت تمام اہم معاملات پر مستقبل میں قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia