ماسکو میں تین روزہ آل رشین میونسپل فورم اور سروس ایوارڈز | شاہد گھمن

ماسکو میں تین روزہ آل رشین میونسپل فورم اختتام پذیر ہو گیا۔ فورم بیس سے تئیس اپریل تک جاری رہا جس میں ملک بھر سے سات ہزار سے زائد بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پوتن سمیت اعلیٰ حکام اور غیر ملکی وفود بھی شریک ہوئے۔ صدر پوتن نے بلدیاتی اداروں کو ریاستی نظام کی اصل بنیاد اور عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کا سب سے موثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کام کرنے والے نمائندے عوامی مسائل کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں اور روس کی مضبوطی صرف مرکزی حکومت نہیں بلکہ نچلی سطح کے موثر اور فعال بلدیاتی نظام پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو مزید وسائل، اختیارات اور جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنا سکیں۔ صدارتی انتظامیہ کے نمائندوں نے بلدیاتی اداروں کی خدمات کو عوامی فلاح کا بنیادی ستون قرار دیا۔ تقریب میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا۔ سروس ایوارڈز کے لیے تینتالیس ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور لاکھوں لوگوں نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ صدر پوتن نے مختلف کیٹگریز میں ایوارڈز تقسیم کیے اور پہلی بار عوام کے اتحاد، ملک کی طاقت کے عنوان سے خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا۔ فورم کے اختتام پر مقامی حکومتوں کے بہترین تجربات کو فروغ دے کر ملکی ترقی اور قومی اتحاد کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia