صدر پوتن نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کا افتتاح کیا | شاہد گھمن

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ویڈیو لنک کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کا افتتاح کیا۔ صدر پوتن نے کہا کہ روس کے پاس عالمی سطح پر لاجسٹکس اور ٹرانزٹ کے شعبے میں غیر معمولی صلاحیت موجود ہے جسے بروئے کار لا کر بین الاقوامی تجارت میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ ویڈیو لنک سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ یہ منصوبے روس میں جدید ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک نظام کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہیں جو نہ صرف علاقائی روابط کو مضبوط بنائیں گے بلکہ معیشت کو بھی فروغ دیں گے۔ بین الاقوامی ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح ہونے سے بین الاقوامی آمدورفت بہتر ہوگی۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں تیز رفتار شاہراہ کے نئے مرحلے کا افتتاح کیا گیا جس سے شہر کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں تک رسائی بہتر ہوگی۔ ایم 12 ہائی وے پر بغیر ڈرائیور ڈرون مال بردار ٹرانسپورٹ کی پائلٹ شروعات کی گئی جس سے لاجسٹک اخراجات کم اور تجارت میں تیزی آئے گی۔ روسی صدر کے مطابق یہ اقدامات مستقبل میں بین الاقوامی ٹرانسپورٹ راہداریوں کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia