روس نے امریکہ میں غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا | شاہد گھمن

روس نے امریکہ میں 19 فروری کو ہونے والے غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ماسکو بورڈ آف پیس کے بارے میں اپنے موقف پر قائم ہے اور روس افتتاحی اجلاس میں وفد نہیں بھیجے گا۔ بورڈ آف پیس کا قیام غزہ کی صورتحال کے حل کی کوششوں کے تحت کیا گیا تھا، اور اس کا دائرہ کار دیگر خطوں میں تنازعات کی روک تھام تک وسیع کیا گیا ہے۔ بورڈ کے قیام کا اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر کیا گیا تھا، جس میں 19 ممالک نے دستخط کیے تھے۔ اس سے قبل وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس اقدام کے حوالے سے اپنا موقف واضح کیا تھا۔ روسی صدر نے کہا تھا کہ روس اپنے منجمد اثاثوں میں سے ایک ارب ڈالر بورڈ آف پیس کے لیے مختص کرنے کو تیار ہے، جس کے بعد مستقل شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia