روسی فیشن شو میں پاکستانی فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی، رپورٹ شاہد گھمن

روس کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ بین الاقوامی فیشن آرٹ اور ڈیزائن فیسٹیول ایڈمرلٹی نیڈل میں اس سال پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے شاندار انداز میں شرکت کی۔ دیپک پروانی کی پیش کردہ کلیکشن نے فیشن انڈسٹری کے بین الاقوامی جیوری کے دل جیت لیے۔ روس کے ثقافتی دارالحکومت سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ بین الاقوامی فیشن آرٹ اور ڈیزائن فیسٹیول ایڈمرلٹی نیڈل میں دنیا بھر کے فیشن ڈیزائنرز، آرٹسٹوں اور ماڈلز نے شرکت کی۔ ایڈمرلٹی نیڈل فیسٹیول روس میں فیشن انڈسٹری کا سب سے پرانا بین الاقوامی ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔ اس سال پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنر دیپک پروانی نے بھی اپنی نئی کلیکشن کے ساتھ پاکستانی ثقافت، روایات اور جدید فیشن کا حسین امتزاج پیش کیا۔ دیپک پروانی نے اپنی سول آف ڈیز کلیکشن پیش کی جس میں رسمی ریشم، بنارسی اور ہاتھ کی کڑھائی کے امتزاج سے تیار ملبوسات شامل تھے۔ شو کے دوران جب ماڈلز نے یہ کلیکشن ریمپ پر پیش کی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ روسی اور یورپی فیشن ناقدین نے اس کلیکشن کو ثقافت اور جدیدیت کا حسین امتزاج قرار دیا۔ ایڈمرلٹی نیڈل فیسٹیول روس کی وزارت ثقافت اور سینٹ پیٹرزبرگ آرٹس انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے ہر سال منعقد ہوتا ہے۔ اس سال تقریب کا تھیم کونشیس ایلیگنس تھا جس میں پائیدار فیشن، روایتی دستکاری اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ ایونٹ کے دوران مختلف ممالک کے ڈیزائنرز نے اپنے ملبوسات پیش کیے لیکن پاکستانی ڈیزائنر دیپک پروانی کا شو سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہا۔ پاکستانی فیشن انڈسٹری نے بھی دیپک پروانی کو روس میں پاکستان کی بہترین نمائندگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ دیپک پروانی کی یہ شاندار شرکت نہ صرف پاکستانی فیشن انڈسٹری کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا باعث بنی بلکہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی روابط کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ثابت ہوئی۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia