Hermitage Museum Saint Petersburg | One of the World’s Greatest Museums | Shahid Ghumman

سینٹ پیٹرز برگ کا تاریخی ہرمیٹیج میوزیم دنیا کے سب سے بڑے اور شاندار عجائب گھروں میں سے ایک ہے۔ تین صدیوں پر محیط شاہی تاریخ، لاکھوں فن پارے اور وہ ثقافت جو انسانیت کے سفر کی گواہ ہے۔ آج ہم آپ کو لے کر جائیں گے دنیا کے اس عظیم تاریخی میوزیم کے اندر جہاں ہر قدم تاریخ کا نیا باب کھولتا ہے اور ہر ہال ایک شاہکار کی کہانی سناتا ہے۔ سینٹ پیٹرز برگ کا عظیم الشان ہرمیٹیج میوزیم دنیا کے سب سے بڑے اور تاریخی عجائب گھروں میں سے ایک ہے جو سالانہ لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ تین صدیوں پر محیط تاریخ، شاہی ثقافت اور نایاب فن پاروں کا یہ خزانہ آج بھی روس کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔ نیوا دریا کے کنارے استادہ ونٹر پیلس وہ مقام ہے جو کبھی روسی زاروں کی حکومت کا مرکز تھا اور آج دنیا کی سب سے قیمتی اور وسیع فنی وراثت اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ ہرمیٹیج میوزیم چھے مختلف عمارتوں پر مشتمل ہے۔ اگر کوئی ہر گیلری میں صرف ایک منٹ رکے تو اسے پورا ہرمیٹیج دیکھنے میں گیارہ سال لگ جائیں گے۔ یہ عمارت خود بھی ایک فن پارہ ہے، سونے سے مزین دیواریں، ہاتھ سے بنی نقش و نگار اور وسیع ہال جہاں زاروں کی شادیاں، تاج پوشیاں اور سرکاری تقریبات منائی جاتی تھیں۔ کیتھرین دی گریٹ نے سن سترہ سو چونسٹھ میں یہاں پہلا آرٹ کلیکشن خریدا جو آگے چل کر دنیا کا سب سے بڑا میوزیم بن گیا۔ اس میوزیم کی ایک گیلری میں دنیا کے چند نایاب ترین فن پارے موجود ہیں جن میں لیونارڈو ڈا ونچی کی پینٹنگ، رافیل کے شاہکار اور میکل اینجلو کے مجسمے شامل ہیں۔ یہاں ڈا ونچی، ریمبرانٹ، وین گو، رافیل اور میکل اینجلو جیسے عظیم فنکاروں کے اصل شاہکار موجود ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے لوگ روس کا سفر کرتے ہیں۔ ہرمیٹیج کے ذریعے قدیم تہذیبوں کے وہ نایاب خزانے بھی محفوظ ہیں جو مصر، ایران، یونان اور روم کی صدیوں پرانی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ہرمیٹیج میوزیم کا مصری ہال اس کے نایاب ترین حصوں میں شمار ہوتا ہے جہاں پانچ ہزار سال پرانی اصل مصری ممی کو نہایت احتیاط اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ محفوظ کیا گیا ہے اور قدیم قبروں سے ملنے والے نوادرات بھی یہاں موجود ہیں۔ یہ سب مل کر سیاحوں کو ایک ایسا احساس دیتے ہیں کہ وہ لمحہ بھر کے لیے مصر کی صدیوں پرانی تہذیب میں پہنچ گئے ہوں۔ ہرمیٹیج کی طویل گیلریوں میں کبھی روسی شاہی خاندان نے اپنی روزمرہ زندگی گزاری تھی اور آج دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں سیاحوں کے قدموں کی چاپ سے یہ گونجتی ہیں۔ یہاں آنے والے صرف آرٹ نہیں دیکھتے بلکہ تہذیبوں کا سفر دیکھتے ہیں۔ ہرمیٹیج کی وسعت اسے دنیا کے منفرد ترین میوزیموں میں شامل کرتی ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia