وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس پر سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا خصوصی انٹرویو

ماسکو: روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نومبر کے آخر میں ایک بڑے سرکاری اور کاروباری وفد کے ہمراہ ماسکو کا دورہ کریں گے، جس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان بارہ سے چودہ معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کو خصوصی انٹرویو میں سفیر پاکستان نے بتایا کہ وزیراعظم کے وفد کے ہمراہ تقریباً ایک سو چالیس پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے بھی ماسکو آئیں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پوتن سے ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوگی۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی کے مطابق متوقع معاہدوں میں تجارت، ثقافت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب کا ہدف عبور کر لے گا اور ان کی امید ہے کہ اگلے سال یہ تین سے چھ ارب تک جا سکتا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران روسی صدر پوتن سے ایک اہم شعبے پر بھی گفتگو کریں گے۔ خصوصی انٹرویو دنیا نیوز کے نیوز بلیٹن میں نشر کیا گیا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس

Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia