بھارت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات اور فوجی محاصرے کے 365 دن مکمل ہونے پر سفارتخانہ پاکستان ماسکو میں یوم استحصال تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

بھارت کے پانچ اگست دو ہزار انیس کے غیر قانونی اقدامات اور فوجی محاصرے کے تین سو پینسٹھ دن مکمل ہونے پر سفارت خانہ پاکستان ماسکو میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے کی۔ تقریب میں پاکستانی صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ اس موقع پر بھارت کی غیر قانونی اور جارحانہ پالیسیوں اور مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے والی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی غیر قانونی پالیسی مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندوؤں کو آباد کر کے کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرانے کا منصوبہ ناقابل قبول ہے۔ کشمیریوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ پیش آنے والے غیر انسانی سلوک کو برداشت نہیں کریں گے۔ جتنا جبر کشمیر میں دیکھ لیا گیا اس کے باوجود کشمیر کی آزادی کی تحریک کو کچلا نہیں جا سکا۔ سفیر نے کہا کہ پچھلے تیس سال میں بھارتی قابض فوج کو کشمیریوں کے خلاف انگریزی میں جسے لائسنس ٹو کل کہتے ہیں وہ دے دیا گیا ہے۔ سفیر نے مزید کہا کہ پانچ دسمبر دو ہزار بیس کو بابری مسجد کی تباہی کے طور پر منانے کا فیصلہ مودی سرکار کی فاشسٹ پالیسیوں اور انتہا پسندانہ سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News