چیئرمین پاکستان پی اوسی گلوبل میاں طارق جاوید کی وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل اور مشیر وزیراعظم پاکستان ایوب آفریدی سے اہم ملاقات

چیئرمین پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل میاں طارق جاوید نے شہر اقتدار میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل اور مشیر وزیراعظم پاکستان ایوب آفریدی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سپیڈی کورٹس، بیرون ملک رہنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی مستقل وطن واپسی پر پینشن کے نظام کو متعارف کروانے اور دیگر اہم امور پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ چیئرمین میاں طارق جاوید نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں پندرہ لاکھ کے قریب اوورسیز پاکستانی مقیم ہیں اور وہ سالانہ بڑی رقم پاکستان بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی برسوں وہاں قیام کے بعد پاکستان واپسی پر کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کے لیے پینشن کا نظام ہونا چاہیے تاکہ حکومتیں سرکاری ملازمین کی طرح ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا بھی خیال رکھیں۔ میاں طارق جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے ختم کروانے کے لیے سپیڈی کورٹس نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ اس موقع پر ایوب آفریدی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ان کا حل اولین ترجیح ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News