پاکستان اور روس کے درمیان تجارت ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، سفیرمحمد خالد جمالی کا شاہد گھمن کو دیا گیا خصوصی انٹرویو

سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے روس کے ساتھ سٹیل ملز کے منصوبے پر دستخط ہماری اولین ترجیح ہے۔ ماسکو میں دنیا نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے ساتھ کسی ایک فریق نہیں بنتا اور روس یوکرین کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے لیکن روس پر پابندیوں کے باعث ادائیگیوں کے مسائل کا سامنا ہے جنہیں دور کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انٹرویو کے دوران سفیر پاکستان نے کہا کہ روس ایک بہت بڑی طاقت ہے اور دنیا میں اس کا بہت بڑا کردار ہے۔ جب وہ روس آئے تو انہیں روس کے بارے میں زیادہ علم نہیں تھا لیکن یہاں رہ کر اور لوگوں سے مل کر معلوم ہوا کہ روسی عوام بہت بہترین لوگ ہیں۔ روس اور پاکستان کے تعلقات میں اپنی تائناتی کی نمایاں کامیابی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران صدر پوتن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات ہونی تھی جہاں انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے بعد بہت سے وفود یہاں آئے اور پاکستان سے بھی وفود آئے جبکہ یہاں تجارتی فورم منعقد ہوا۔ توانائی اور رابطوں کے شعبوں میں کام ہوا اور سب سے بڑا کام جو ان کی تائناتی کا سمجھا جائے گا وہ سٹیل ملز کے پروٹوکول پر دستخط ہیں۔ تجارتی حجم بڑھانے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ تجارتی حجم پہلی بار ایک ارب ڈالر تک پہنچا تھا اور اس میں زیادہ تر خام تیل کی درآمد تھی۔ اس کے بعد روس پر پابندیاں لگ گئیں تو ادائیگیوں کا مسئلہ چلتا رہا جسے اب کافی حد تک قابو کر لیا گیا ہے جبکہ پابندیوں کے نظام کا احترام کرتے ہوئے تجارت بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ روس اور پاکستان کے درمیان تیل اور گیس کے معاہدے ہیں۔ نجی کمپنیاں تجارت کر رہی ہیں اور پاکستان نے روس سے تقریباً ایک ملین ٹن خام تیل لے لیا ہے۔ اب اسے سرکاری سطح پر کرنا ہوگا کیونکہ خام تیل لینے کے لیے ریفائنریوں میں اتنی گنجائش ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان کے لیے قابل عمل بنے۔ گیس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ایل این جی معاہدے پہلے سے موجود ہیں اور پاکستان نے روس کو آف شور اور آن شور کی پیشکش بھی کی ہوئی ہے۔ امید ہے کہ آہستہ آہستہ گیس کا معاہدہ بھی ہو جائے گا اور پاکستان کو سستی گیس ملے گی جو پاکستانی عوام اور صارفین کے لیے قابل عمل ہوگی۔ مال بردار ٹرین کے حوالے سے کچھ مسائل تھے جو حل ہو گئے۔ پھر ایران میں اسرائیل کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث سب کو دوبارہ ساتھ لانا ہے اور کارگو کی آزمائشی کھیپ چلا کر دیکھنا ہے کہ اس میں کیا رکاوٹیں ہیں اور انہیں کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ سٹیل ملز کا منصوبہ ان کے دور میں پائپ لائن میں آ جائے اور نظام چل پڑے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے سفیر جو بہت قابل اور تجربہ کار ہیں، اس کام کو آگے بڑھائیں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia