جعفر مندوخیل کا شاہد گھمن کو خصوصی انٹرویو، دنیا نیوز روس

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے روس کے دورے کے اختتام پر ماسکو میں نمائندہ دنیا نیوز روس شاہد گھمن کو خصوصی انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دراندازی کر رہا ہے اور اپنے اندرونی مسائل چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ روس ایک خوبصورت ملک ہے اور اس کے لوگ بہت اچھے ہیں، اور سینٹ پیٹرزبرگ اور ماسکو میں ان کی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹ پیٹرزبرگ کی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور معدنیات کے شعبے میں تعاون پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بلوچستان کے بچوں کو اسکالرشپ دے یا وہ اپنی فیس پر آئیں، روس کا راستہ کھولنا ان کے لیے بہتر ہوگا، کیونکہ روس میں تعلیم کا معیار یورپ کے برابر ہے اور یورپ کے مقابلے میں کم خرچ میں زیادہ طلبہ پڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماسکو میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں جو آگے چل کر عملی معاہدوں میں بدل جائیں گی، اور معدنیات کے شعبے میں روسی ماہرین کی مدد لی جائے گی، کیونکہ اس وقت صوبے میں کان کنی کا شعبہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باوجود گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان کوئی کمزور طاقت نہیں ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia