جواد سالہریہ کا شاہد گھمن کے ساتھ انٹرویو، دنیا نیوز

پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کارپوریشن کے ڈائریکٹر جواد صالحریہ نے بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں پاکستانی سفارتخانے میں قائم پاکستانی مصنوعات کے ڈسپلے سینٹر کے بارے میں نمائندہ دنیا نیوز روس شاہد گھمن کو انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈسپلے سینٹر اپنی نوعیت کا منفرد ڈسپلے ہے، جہاں پاکستان کی چالیس سے زائد کمپنیوں کی مصنوعات رکھی گئی ہیں، جن میں فٹ بال، ہینڈی کرافٹ، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور سرجیکل آلات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے اس ڈسپلے سینٹر کی بنیاد رکھی گئی تھی، اور یہ صرف ایک ڈسپلے سینٹر نہیں بلکہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان شراکت داری، ثقافتی تبادلے اور اقتصادی تعاون کے لیے ایک نیا آغاز ہے۔ انہوں نے بیلاروس میں پاکستانی سفیر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کو سراہا اور اس کی تشکیل میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد کی کمپنیاں اس میں شامل ہیں اور مطمئن ہیں، اور باقی شعبوں کی مصنوعات بھی یہاں ڈسپلے کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ روس میں بھی ایسا ہی ایک بڑا منصوبہ زیر تعمیر ہے اور انشاء اللہ اسی سال اسے شروع کر دیا جائے گا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia