پاکستان کی صورتحال پر ملک شہباز کا انٹرویو، صدر پاکستان کمیونٹی روس

پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اوورسیز پاکستانی شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور بہتری اسی میں ہے کہ جلد از جلد تمام فریق بیٹھ کر بات کریں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو۔ انہوں نے ماسکو میں نمائندہ 92 نیوز شاہد گھمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کچھ عرصے سے جو حالات ہیں وہ بہت زیادہ خراب ہیں۔ ان کی تمام پاکستانی ریاستی اداروں سے گزارش ہے کہ وہ سب فریقوں کے ساتھ بیٹھ کر اس کا کوئی پرامن حل نکالیں کیونکہ دنیا میں ہماری بہت زیادہ بدنامی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جمہوری طریقہ ہے اور جسے عوام منتخب کریں وہی آئے، کوئی بھی پارٹی آئے تو بیٹھ کر آپس میں یہ جو نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں یہ اچھی چیز نہیں ہے کیونکہ نفرتوں کا جو نقصان ہوتا ہے اس میں کسی کا فائدہ نہیں ہوتا۔ مہنگائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں مہنگائی ہے، پوری دنیا میں مہنگائی ہے لیکن پاکستان میں مہنگائی اس لیے زیادہ ہے کہ تنخواہیں بہت کم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنی مہنگائی ایک سال میں بڑھ گئی ہے، تقریباً اتنی مہنگائی پچھلے پچھتر سالوں میں کبھی نہیں بڑھی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ غریب آدمی کے لیے کوئی بہتر پیکج دے تاکہ غریب آدمی دو وقت کی روٹی کھا سکے اور اس کی پریشانی میں کمی آئے۔ الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل میں جس پارٹی کو عوام زیادہ پسند کرتی ہے وہ اقتدار میں آ جاتی ہے اور جو نہیں جیتتی وہ اپوزیشن میں آ جاتی ہے۔ موجودہ حکومت سے مطمئن ہونے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں اس میں دنیا کا کوئی بھی باشعور انسان مطمئن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بجلی، پٹرول اور گیس کی مہنگائی کی مشکلات کو دیکھ کر حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دے۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی شہری بھی ان سے پاکستان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پر پچاسی مقدمات ہیں جن میں غداری، قتل اور بغاوت کے مقدمات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی انسان جرم کرتا ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے اور انصاف سب کے ساتھ ایک جیسا ہونا چاہیے، چاہے وہ وزیراعظم ہو، صدر ہو یا عام غریب آدمی۔ آخر میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور سب کو چاہیے کہ مل بیٹھ کر امن اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News