رہنما پی ٹی آئی گوجرانوالہ عمران یوسف گجر کا انٹرویو

ورلڈ پوائنٹ کے پروگرام دیس پردیس میں گوجرانوالہ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران یوسف گجر کا خصوصی انٹرویو، میزبان شاہد گھمن۔ عمران یوسف گجر گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی چھیانوے سے تعلق رکھتے ہیں اور پیشے کے اعتبار سے قانون دان بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف گوجرانوالہ بلکہ پورے پاکستان میں مقبول ہے اور اس وقت ملک کی دوسری بڑی جماعت ہے، عمران خان انیس سو چھیانوے سے پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد تحریک انصاف ملک کی دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی پارٹی کو کامیابی ملی۔ گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کی دھڑا بندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن گراس روٹ لیول تک جمہوریت کو لے جانا ہے اور ہر شخص کو اپنی رائے کے اظہار کی آزادی ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں ایک حلقے میں چار چار امیدوار تھے، جن کو ٹکٹ ملا باقی ناراض ہو کر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے لگے، جو لوگ صرف ذاتی مفادات کے لیے پارٹی بدلتے ہیں انہیں اس سے گریز کرنا چاہیے۔ عمران یوسف گجر نے کہا کہ سیاست کاروبار نہیں ہے، سیاست میں آنے والا شخص عوام کی خدمت کے لیے آتا ہے، سڑکیں اور گلیاں بنانا اصل کام نہیں بلکہ عام آدمی کی پسماندگی اور محرومی دور کرنا اصل سیاست ہے۔ پاناما کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ حقائق پر مبنی ہے اور جے آئی ٹی کے ارکان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کیں، ان پر آج تک کسی نے انگلی نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو اخلاقی اور سیاسی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے کیونکہ ان پر اور ان کے خاندان پر الزامات ہیں اور ان کے بچوں کے اثاثے جعلی دستاویزات سے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار سترہ میں بھی عام آدمی کو بجلی اور روزگار کے وہی مسائل درپیش ہیں جو پاکستان بننے کے وقت سے چلے آ رہے ہیں اور سیاسی جماعتوں کی ترجیح ووٹ لینا نہیں بلکہ عوام کی مشکلات دور کرنا ہونی چاہیے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News