پاکستان کمیونٹی روس کے چئیرمین نورحبیب شاہ کا انٹرویو

ماسکو سے ورلڈ پوائنٹ کے اسٹوڈیو کا پہلا پروگرام، پاکستان کمیونٹی روس کے چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف روس کے صدر نور حبیب شاہ کا خصوصی انٹرویو، میزبان شاہد گھمن۔ نور حبیب شاہ نے بتایا کہ وہ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کر کے آئے ہیں جہاں وزیراعظم عمران خان کی نئی حکومت قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کمیونٹی روس نے پچھلے دس سال میں بہت کام کیا ہے لیکن سب سے بڑی کمی میڈیا کی تھی، روس کے بارے میں پاکستان میں کسی کو کوئی معلومات نہیں تھیں، ورلڈ پوائنٹ کا یہ اسٹوڈیو اس کمی کو پورا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس میں چالیس ملین مسلمان رہتے ہیں اور صرف ماسکو میں پچیس لاکھ رجسٹرڈ مسلمان ہیں، اس لیے پاکستان اور روس کے تعلقات اور تجارت میں بہت گنجائش ہے۔ کاروبار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ روس میں پاکستانی سرجری کا سامان، ماربل، ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان اور خاص طور پر لیدر جیکٹس کی بہت مانگ ہے، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی تاجر یہاں آئیں اور روس کی منڈی سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کے مسائل کے حل کے لیے ٹریڈ منسٹر ناصر حمید کو بھی اسٹوڈیو میں مدعو کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے نور حبیب شاہ نے کہا کہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی اور پاکستان میں تبدیلی آ رہی ہے، قبضہ گروپوں کا خاتمہ ہو رہا ہے اور پنجاب میں بھی تیزی سے تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد پنجاب کے گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ ایک اجلاس کریں گے تاکہ تاجروں کو روس میں کاروبار کے مواقع سے آگاہ کیا جا سکے۔ پاکستانی ثقافت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلم بھی روس میں دکھائی گئی ہے اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کو روس میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔ تجارت کے مستقبل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان روس کے ساتھ تجارتی راستے کھول دے تو پاکستانی عوام کو دنیا کی محتاجی سے نجات مل سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روس میں مقیم پاکستانیوں کے لیے کارڈ سسٹم بنانے کا پروگرام ہے جس سے تمام پاکستانیوں کا ریکارڈ ہو گا اور انہیں سہولتیں ملیں گی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ اسٹوڈیو پاکستان کمیونٹی کا اسٹوڈیو ہے، کوئی بھی پاکستانی جب چاہے یہاں آ کر اپنی آواز حکام تک پہنچا سکتا ہے اور کمیونٹی ان کے مسائل حل کرنے کے لیے حاضر ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News