ورلڈ یوتھ فیسٹیول سوچی میں فیوچر ٹیم پاکستان کے سربراہ دانیال حیات کا انٹرویو

روس کے شہر سوچی میں جاری ورلڈ یوتھ فیسٹیول میں پاکستانی نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہے جس کی قیادت فیوچر ٹیم پاکستان کے سربراہ دانیال حیات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوان فیسٹیول کے مختلف سیشنز، کھیلوں کے مقابلوں اور سیمینارز میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روسی حکومت نے ہمیں بھرپور سپورٹ کیا ہے اور اس سے پاکستان اور روس کے تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے فیسٹیول میں موجود نمائندہ 92 نیوز شاہد گھمن کے ساتھ گفتگو کی۔ دانیال حیات نے بتایا کہ سوچی کے اولمپک پارک میں دنیا کا بہت بڑا یوتھ فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے جس میں ایک سو اسی ممالک سے تقریباً بیس ہزار لوگ شرکت کر رہے ہیں اور ان میں ڈھائی سو پاکستانی بھی شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیوچر ٹیم پاکستان کی بنیاد دو ہزار سترہ میں رکھی گئی تھی جب ورلڈ یوتھ فیسٹیول سوچی میں ہو رہا تھا۔ اس کے بعد نوجوانوں کا ایک گروپ بنایا گیا اور ایک کمیونٹی قائم کی گئی۔ ان کا مقصد صرف ایک ہی تھا کہ پاکستان کے نوجوان کو بین الاقوامی سطح پر سامنے لایا جائے اور اسے مہارتوں سے بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ دنیا بھر کے لوگوں سے سیکھ کر واپس جا کر پاکستان میں دوسروں کے ساتھ اپنی مہارتیں بانٹیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفد میں ڈھائی سو ارکان ہیں اور اس میں پنجاب، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت پورے پاکستان سے لوگ شامل ہیں۔ وفد میں خواتین بھی پچاس فیصد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیوچر ٹیم پاکستان تیس چالیس پروگراموں میں شرکت کر چکی ہے اور ہر سال نوجوانوں کو مختلف ممالک لے جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی روس آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سو افراد کے وفد میں سے پچاس فیصد افراد کو روسی حکومت نے مکمل طور پر سپانسر کیا ہے جن کے فلائٹ ٹکٹس سمیت ہر چیز کا انتظام کیا گیا۔ باقی پچاس فیصد کو بھی ویزوں سمیت تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام نے بھی تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جتنے بھی سیشنز ہوئے ہیں، ہر ایک میں پاکستان کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے اور پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک روس دوستی میں مزید اضافہ ہونا چاہیے اور ہمیں روس کو کاروبار اور آئی ٹی کے نقطہ نظر سے بھی دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روس کا انفراسٹرکچر دیکھ کر حیرانی ہوتی ہے اور ہمیں اس سے سیکھنا چاہیے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News