ورلڈ یوتھ فیسٹیول سوچی میں عاقب جاوید خان کا انٹرویو

فیوچر ٹیم پاکستان کے نیشنل کوارڈینیٹر عاقب جاوید خان نے کہا ہے کہ ورلڈ یوتھ فیسٹیول میں پاکستانی نوجوانوں کو اتنی بڑی تعداد میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی حکومت نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو دنیا کے ساتھ روابط بڑھانے کا موقع ملا ہے اور روس کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے نمائندہ 92 نیوز شاہد گھمن سے فیسٹیول کے موقع پر خصوصی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کوئی پاکستانی وفد اتنا بڑا ہے۔ ہم اسے ایک موقع سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ پاکستان سے جتنے بھی لوگ یہاں آئے ہیں، ہر ایک کا مقصد پاکستان کا جھنڈا بلند کرنا ہے۔ گزشتہ تین دن سے ہم یہاں موجود ہیں اور ہر جگہ پاکستان کا نام اچھے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مقصد نیٹ ورک بنانا، روابط قائم کرنا، دوسروں سے سیکھنا اور ثقافتی تبادلہ ہے۔ یہاں ہمارے ساتھ ایسے طلبہ بھی آئے ہیں جو اس سے پہلے کبھی اپنے ملک سے باہر نہیں گئے۔ یہ پلیٹ فارم ان کے تجربے کو بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپنی فیلڈ میں کارکردگی دکھائے تو یہ اس کے لیے صحیح پلیٹ فارم ہے۔ فیوچر ٹیم پاکستان ہر سال تیس چالیس بین الاقوامی پروگراموں میں شرکت کرتی ہے اور نوجوانوں کو درخواست دینے کی ترغیب دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس بہت خوش آئند ہے اور جہاں بھی جا رہے ہیں، ہمیں خندہ پیشانی سے خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ جس طرح ہمیں یہاں خوش آمدید کہا گیا، اسی طرح پاکستانی بھی روسی مہمانوں کا استقبال کریں۔ انہوں نے پاکستانی وفد کی جانب سے روسی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہوٹلوں، رہائش اور پروگراموں سمیت ہر چیز کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News