پاکستان اور روس نئی بلندیوں کی طرف، دوطرفہ مستقبل پر ویبینار

ماسکو میں منعقدہ ایک اہم بین الاقوامی ویبینار میں دونوں ممالک کے سفارت کاروں، ماہرین اور اعلیٰ حکام نے بدلتے ہوئے عالمی نظام میں پاک روس تعلقات کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو نئی سمت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دونوں ممالک سیاسی قربت سے عملی شراکت داری کی جانب بڑھ رہے ہیں — 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر اتفاق ہوا جو تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی رابطہ کاری میں تعاون کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن دوطرفہ تعاون کا اہم پلیٹ فارم ہے، بینک کاری اور ادائیگیوں کے نظام میں رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور کہا کہ پاکستان بین الاقوامی شمال جنوب ٹرانسپورٹ راہداری میں شمولیت کا خواہاں ہے اور رابطہ کاری کے منصوبوں کی حمایت کرتا ہے۔ روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا سنہری موقع موجود ہے، اور تجارت، ٹیکنالوجی، سکیورٹی، تعلیم اور ٹرانسپورٹ اس تعاون کے اہم ستون ثابت ہوں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia