کراچی سٹاک ایکس چینج دہشتگردحملہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی”را” ملوث ہے ‘ڈاکٹرجمعہ خان مری،چیئرمین اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی

اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہا ہے کہ کراچی سٹاک ایکسچینج حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی سٹاک ایکسچینج پر جو دہشت گردی کا حملہ ہوا، بی ایل اے نے اس کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہا کہ یہ پہلا حملہ نہیں ہے، پہلے انہوں نے دو حملے بھی کیے۔ انہوں نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا جو ناکام رہا، پھر انہوں نے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کیا جہاں چینی انجینئر موجود تھے، وہ بھی ناکام رہا۔ اب انہوں نے بین الاقوامی سرخیاں بنانے کی کوشش میں کراچی سٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا جو ناکام ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کرنا ان کا ایجنڈا ہے، لوگوں کو ڈرانا اور دہشت گردی کرنا ان کا کام ہے۔ ہم ان کی اس طرح کی حرکتوں کو برداشت نہیں کر سکتے اور ہم پوری دل سے ان کی مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہا کہ اس دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ گزشتہ اٹھارہ سال سے بھارت بلوچستان کے اندر مداخلت کر رہا ہے اور اس بارے میں ایجنسیوں نے کئی بار رپورٹس دی ہیں۔ دنیا کے اخباروں میں بھی پڑھا جا سکتا ہے کہ بھارت کی را افغانستان میں بیٹھ کر لوگوں کو پیسے دیتی ہے اور بلوچوں کو ورغلاتا ہے۔ بی ایل اے را کو اپنا محافظ سمجھتی ہے اور را بی ایل اے کو اپنا بچہ سمجھتی ہے۔ بھارت اس کے پیچھے پیسے خرچ کرتا ہے اور اپنے ٹیلی ویژن چینلوں پر ان کے فوجی لوگ روزانہ پاکستان کو بلوچستان اور سندھ کے ذریعے دھمکیاں دیتے ہیں۔ ہمیں ان چیزوں کے لیے تیار رہنا چاہیے اور ان کا بروقت مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنی فوج اور اپنی ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بروقت کارروائی کر کے اس دہشت گردی کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دہشت گردی کا راستہ چھوڑ کر امن اور پاکستان کے دھارے میں آنا چاہتے ہیں ان کے لیے بلوچ یونٹی کا پلیٹ فارم حاضر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جسے بھارت بلوچستان کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ کشمیر انشاءاللہ آزاد ہو جائے گا اور پاکستان کے ساتھ رہے گا، بلوچستان بھی پاکستان کے ساتھ ہے اور بھارت ہر محاذ پر ناکام ہو رہا ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News