روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش، پاکستانی طلبہ کے اسٹوڈنٹ ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، ماریہ زخارووا
ماسکو: روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے لیے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کے دو اہم سوالات کے جواب دیے۔ پہلے سوال میں افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف عملی اقدامات اور پاکستان کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں روس کے کردار کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔
جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس پہلے بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں مدد کی آمادگی ظاہر کر چکا ہے، اور ماسکو ثالثی اور مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام انتہائی ضروری ہے، کیونکہ وہاں بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں، خصوصاً داعش خراسان، سرگرم ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہے اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی پوشیدہ ایجنڈے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کے اہم شراکت داروں میں شامل ہے، اور ماسکو انسداد دہشت گردی کے معاملات پر اسلام آباد کے ساتھ دو طرفہ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ (روس، چین، ایران اور پاکستان) اور شنگھائی تعاون تنظیم کا بھی ذکر کیا۔
دوسرے سوال کے جواب میں ماریہ زخارووا نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ روس میں پاکستانی شہریوں کو اسٹوڈنٹ ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسے مخصوص کیسز موجود ہیں تو ان کی مکمل تفصیلات روسی وزارت خارجہ کو فراہم کی جائیں، جو دوسرے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر ہر کیس کا انفرادی طور پر جائزہ لے گی۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia

شاہد گھمن پاکستان کے سینئر صحافی، تجزیہ کار، کالم نگار اور بین الاقوامی امور کے ماہر ہیں۔ وہ اس وقت پاکستان کے صفِ اول کے نیوز چینل دنیا نیوز کے نمائندہ برائے روس کی حیثیت سے ماسکو میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اردو نیوز پلیٹ فارم وائس آف رشیا کے ایڈیٹر بھی ہیں۔
انہوں نے 1996ء میں اپنے صحافتی سفر کا آغاز کیا اور پاکستان کے مختلف معتبر اخبارات، خبر رساں اداروں اور ٹیلی وژن چینلز کے ساتھ کام کیا۔ شاہد گھمن نے 2017ء سے فروری 2025ء تک 92 نیوز کے نمائندہ برائے روس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جبکہ فروری 2025ء سے وہ دنیا نیوز کے لیے روس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں۔
شاہد گھمن 2018ء سے روسی وزارتِ خارجہ کے ساتھ باقاعدہ ایکریڈیٹڈ غیر ملکی صحافی ہیں۔ روس کی داخلی و خارجہ سیاست، پاکستان اور روس کے تعلقات، وسطی ایشیا، بین الاقوامی سفارت کاری، دفاع، توانائی اور جغرافیائی سیاست ان کی صحافتی دلچسپی اور تخصص کے اہم شعبے ہیں۔
وہ اپنی رپورٹس، کالموں، خصوصی انٹرویوز اور تجزیوں میں درست معلومات، حقائق پر مبنی تحقیق اور متوازن نقطۂ نظر کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔
Shahid Ghumman is a senior Pakistani journalist, analyst, columnist and international affairs specialist. He is currently based in Moscow, serving as the Russia Correspondent for Dunya News, one of Pakistan’s leading news channels. He is also the Editor of the Urdu-language news platform Voice of Russia.
He began his journalistic career in 1996 and has worked with several respected Pakistani newspapers, news organizations and television channels. He served as the Russia Correspondent for 92 News from 2017 until February 2025 and has been reporting from Russia for Dunya News since February 2025.
Shahid Ghumman has been officially accredited as a foreign correspondent by the Ministry of Foreign Affairs of the Russian Federation since 2018. His principal areas of coverage include Russia’s domestic and foreign policy, Pakistan-Russia relations, Central Asia, international diplomacy, defence, energy and geopolitics.
Through his reports, columns, exclusive interviews and analyses, he remains committed to accurate information, fact-based research and balanced journalism.
