روس میں کورونا وائرس کے مریض ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد, ماسکو میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع

روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پونے دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ روس اب یورپ میں وائرس سے متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد میں چوتھے اور دنیا میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔ ماسکو کے میئر نے ماسکو میں لاک ڈاؤن کی مدت میں اکتیس مئی تک توسیع کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ریستوران، کھیل اور تھیٹرز کی سہولتیں جلد کھول دی جائیں۔ شہریوں کو باہر نکلتے وقت ماسک اور دستانے پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ماسک نہ پہننے والے کو پانچ ہزار روبل جرمانہ کیا جائے گا۔ ماسکو کے میئر نے کہا ہے کہ شہریوں کو اب ماسک اور دستانے پہننے کی عادت بنانی پڑے گی۔ روس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے گیارہ ہزار دو سو اکتیس افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دارالحکومت ماسکو میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چھیانوے ہزار تین سو تریسٹھ ہو چکی ہے جبکہ نو سو پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس طرح روس بھر میں متاثرہ مریضوں کی کل تعداد ایک لاکھ ستتر ہزار ایک سو ساٹھ جبکہ مرنے والوں کی کل تعداد ایک ہزار چھے سو پچیس ہو چکی ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News