قازان کی سفیداور آسمانی رنگ کے خوبصورت امتزاج سے بنی مسجدقل شریف کی عمارت دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے،تفصیلی رپورٹ

روس کے شہر کازان میں واقع خوبصورت مسجد قل شریف فن تعمیر میں اپنی مثال آپ ہے۔ سفید اور آسمانی رنگ کے خوبصورت امتزاج سے بنی مسجد قل شریف کی عمارت دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔ خوبصورت محرابیں، بلند مینار اور منفرد طرز تعمیر مسجد کی بناوٹ کا طرہ امتیاز ہے۔ مسجد کی تعمیر کب اور کیسے ہوئی، مکمل تفصیلات جانتے ہیں روس سے ہمارے نمائندے شاہد گھمن کی اس رپورٹ میں۔ روس کی جمہوریہ تتارستان کے دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر کازان میں واقع خوبصورت مسجد قل شریف فن تعمیر میں اپنی مثال آپ ہے۔ شہر کی تیرہ لاکھ کے قریب آبادی میں سے نصف تتاری مسلمان ہیں جبکہ ترک مسلمانوں کی بھی نمائندہ تعداد یہاں مقیم ہے۔ مسجد قل شریف مسجد احمد قادیروف گروزنی کے بعد روس کی دوسری سب سے بڑی مسجد ہے۔ اسے سولہویں صدی میں روایتی وولگا اور بلغاریہ کے انداز میں تعمیر کیا گیا جبکہ یورپی نشاۃ ثانیہ کے اولین دور کا آسمانی انداز بھی اپنایا گیا۔ سفید اور آسمانی رنگ کے خوبصورت امتزاج سے بنی مسجد قل شریف کی عمارت دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔ داخل دروازے کے ساتھ ہی مسجد کا انتہائی خوبصورت ماڈل آنکھوں کو خیرہ کرتا ہے۔ رنگین شیشوں سے مزین فانوس مسجد کے مرکزی ہال کی شان بڑھا رہا ہے جبکہ اندرونی دیواریں اور کھڑکیاں فن تعمیر کا شاندار نمونہ ہیں۔ مسجد کے چار مینار اور ایک گنبد ہے۔ یہاں لائبریری اور امام آفس بھی موجود ہے جبکہ مسجد میں تقریباً چھے ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ 1550 عیسوی میں قازان کے سقوط کے بعد روسیوں نے اس مسجد کو شہید کر دیا تھا۔ تتار دانشوروں کا کہنا ہے کہ قل شریف مسجد کے چند عناصر ماسکو میں قائم مشہور سینٹ بازل گرجے میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں جن میں آٹھ مینار اور ایک مرکزی گنبد شامل ہے جو روایتی روسی طرز تعمیر سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انیس سو چھیانوے میں اس مسجد کی دوبارہ تعمیر کا آغاز ہوا جو جدیت طرز تعمیر کی حامل ہے۔ قل شریف مسجد کا افتتاح چوبیس جولائی 2005 کو ہوا جس کی تعمیر کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے کثیر امداد مہیا کی۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News