دارالحکومت ماسکو میں سعادت حسن منٹوکی کتاب کی رونمائی کی پروقار تقریب

پاکستان کی نامور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی چھپن مختصر کہانیوں کی کتاب کی رونمائی کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام سفارتخانہ پاکستان ماسکو کی جانب سے آل رشین اسٹیٹ لائبریری فار فارن لٹریچر میں کیا گیا۔ کتاب کا روسی زبان میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے۔ تقریب میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور تھیٹر کے نمائندوں سمیت دیگر شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سفیر محمد خالد جمالی، دفاعی اتاشی محمد آصف خان اور تھرڈ سیکرٹری محمد طیب سمیت دیگر نے سعادت حسن منٹو کی کتاب کی رونمائی کی۔ سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے حاضرین کو منٹو کے کاموں اور ان کی تحریروں کے اہم موضوعات اور سعادت حسن منٹو کے روس سے تعلق سے بھی آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان نے امید ظاہر کی کہ یہ ثقافتی تقریب پاکستان اور روس کے درمیان پہلے سے ہی شاندار تعلقات کو مزید گہرا کرے گی۔ سفیر نے کہا کہ منٹو کی چھپن کہانیوں کو روسی زبان میں ترجمہ کر کے روسی عوام تک پہنچایا گیا ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ پاکستان کے پاس کیا ادبی ورثہ ہے اور پاکستان کے نامور مصنفین اور ناول نگاروں کو روسی لوگوں سے متعارف کرایا جا سکے۔ لائبریری کے ڈائریکٹر جنرل نے سعادت حسن منٹو کی روسی زبان میں ترجمہ شدہ کتاب کو لائبریری کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات میں اہم مقام رکھتی ہے اور اس کی بنیاد انسانی روابط، اعتماد اور باہمی احترام ہیں۔ تقریب میں روسی انسٹیٹیوٹ آف تھیٹر آرٹس ماسکو کے طلبہ نے منٹو کی دو کہانیوں کی تھیٹر ریڈنگ پیش کی جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ تقریب میں ماسکو کی گنیسن میوزک اکیڈمی کے پروفیسر نے بیانو پر موسیقی کی خوبصورت پرفارمنس پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News