دنیا نیوز کی 17ویں سالگرہ کی پر وقار تقریب سینٹ پیٹرزبرگ، روس میں منعقد ہوئی، رپورٹ شاہد گھمن نمائندہ دنیا نیوز روس

روس کے تاریخی اور ثقافتی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں پاکستان کمیونٹی کی جانب سے دنیا نیوز کی سترہویں سالگرہ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی جس میں پاکستانی اور روسی کمیونٹی کی نامور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے دنیا نیوز کی خدمات کو سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔ تقریب میں شریک مہمانوں میں چوہدری یاسین، کامران شاہد، نعیم محسن اور آصف صدیقی سمیت دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں جنہوں نے دنیا نیوز کی پاکستان اور بیرون ملک صحافت میں خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دوران شرکا نے دنیا نیوز کی سترہ سالہ کامیاب صحافتی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سالگرہ کا کیک کاٹا اور دنیا نیوز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکا نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نیوز نے ہمیشہ ذمہ دارانہ اور بامقصد صحافت کو فروغ دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ دنیا نیوز مستقبل میں بھی اسی طرح عالمی سطح پر پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، آواز اور نکتہ نظر کو اجاگر کرتا رہے گا۔ شرکا نے کہا کہ دنیا نیوز پاکستان اور روس کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور روس کی بہت سی خبریں جو پاکستان نہیں پہنچتیں وہ دنیا نیوز کے ذریعے پاکستانی عوام دیکھتے ہیں اور پاکستان کی بہت سی خبریں جو روس میں چاہیے ہوتی ہیں وہ بھی دنیا نیوز سے حاصل کرتے ہیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں منائی گئی یہ سالگرہ کی تقریب نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کی علامت بنی بلکہ اس بات کا ثبوت بھی تھی کہ دنیا نیوز بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کی آواز بن کر اپنا کردار موثر انداز میں ادا کر رہا ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia