سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر مبارکباد کا پیغام

روس میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر پوری قوم، پاکستان کی مسلح افواج اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن قومی اتحاد، جرات، قربانی اور پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ کیا اور مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ پاکستان کا ان قوتوں کو بھرپور جواب تھا جنہوں نے ہماری سرحدوں اور خودمختاری کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم، مسلح افواج اور بالخصوص نوجوان ملک کے ساتھ کھڑے رہے اور دنیا کو دکھایا کہ پاکستان نہ صرف ایک طاقتور قوم ہے بلکہ ایک دانشمند قوم بھی ہے۔ سفیر نے کہا کہ ایک ہی معرکے میں دشمن کے چھے جہازوں اور کئی بیٹریوں کو تباہ کیا گیا لیکن ایک ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے اس تنازع کو بڑھایا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن، سلامتی اور خوشحالی چاہتا ہے لیکن ملکی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia