Snow falling in Russia! Live report Shahid Ghumman from Moscow

روس موسم سرما کی سب سے زیادہ سرد لہر کی زد میں ہے۔ دارالحکومت ماسکو سمیت متعدد شہروں میں شدید برف باری اور کم درجہ حرارت نے معاملات زندگی کو متاثر کیا ہے، اور محکمہ موسمیات نے مزید دنوں کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ نمائندہ دنیا نیوز روس شاہد گھمن نے ماسکو سے براہ راست رپورٹ پیش کی کہ دارالحکومت میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اہم شاہراہوں پر برف کی موٹی تہ جم چکی ہے اور برف باری کے باعث ٹریفک معمول سے خاصی سست ہے اور شہری احتیاط کے ساتھ سفر کر رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں برف کے ڈھیر جگہ جگہ نظر آ رہے ہیں۔ ماسکو میں درجہ حرارت اس وقت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر صفائی کا عملہ بھاری مشینری اور بلورز کی مدد سے برف ہٹانے میں مصروف ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ محکمہ موسمیات نے ماسکو میں شدید برف باری اور برفانی طوفان کا انتباہ جاری کیا ہے اور شہریوں کو انتہائی احتیاط رہنے، گاڑیوں کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھے گی اور ماسکو کا درجہ حرارت منفی 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جو رواں موسم سرما کی سب سے سخت سرد لہر قرار دی جا رہی ہے۔ روس کے دیگر شہروں میں سینٹ پیٹرزبرگ میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری، قازان میں منفی 12 ڈگری، یاکاترن برگ میں منفی 15 ڈگری، کراسنویارسک میں منفی 33 ڈگری اور ولادی وستوک میں منفی 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia