ماسکو میں یوم کشمیر منایا گیا، قونصل خانہ پاکستان

کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی یوم سیاہ کشمیر کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی، روسی تعلیمی اداروں کے طلبہ، مصنفین، صحافیوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستانی سفارت خانہ ماسکو کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے سفیر پاکستان قاضی خلیل اللہ کی رہائش گاہ پر تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات ملک شہباز، خلیل الرحمن، اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی کے سربراہ ڈاکٹر جمعہ خان مری اور کشمیر کے کوآرڈینیٹر اشتیاق حمدانی نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ روسی طلبہ، صحافیوں اور مصنفین بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بھارتی مظالم پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ تقریب کے اختتام پر سفارت خانے کی جانب سے شرکا کی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News