کروکس سٹی ہال کے حملہ آور عدالت میں، قوم سوگوار، براہ راست بیپر

ماسکو کے کروکس سٹی ہال پر حملے کے ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ کروکس سٹی ہال ماسکو میں دہشت گردی کے حملے میں مرنے والوں کی یاد میں روس بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔ ماسکو سمیت روس کے مختلف شہروں میں لوگوں نے مرنے والوں سے اظہار عقیدت کرتے ہوئے پھول چڑھائے اور موم بتیاں جلائیں۔ کروکس سٹی ہال کے باہر لوگوں نے پھولوں کے ڈھیر لگا دیے اور اپنے پیاروں کو یاد کر کے روتے رہے۔ صدر پوتن نے بھی مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی یاد میں شمع روشن کی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چاروں دہشت گرد افراد کو خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ ایک دہشت گرد شمس الدین فریدونی نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔ اسے 15 دن پہلے ماسکو کروکس سٹی ہال میں دیکھا گیا تھا۔ عدالت نے ملزمان کو 22 مئی تک تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے کر دیا ہے۔ دوسری جانب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ کروکس سٹی ہال حملے کے بعد امریکہ روس میں دہشت گرد گروپ داعش کا ذکر کر کے یوکرین کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد عوامل براہ راست اور بالواسطہ طور پر یوکرینی دہشت گردی کی سرپرستی میں امریکی حکام کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News