روس میں سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کا آغاز، براہ راست بیپر

روس میں ستائیسواں سالانہ سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم 2024 شروع ہو گیا ہے جس میں ایک سو چھتیس ممالک سے تقریباً سترہ ہزار مہمان شرکت کر رہے ہیں۔ فورم میں چار سو سے زائد کاروباری پروگرام، کاروباری مباحثے اور مختلف موضوعاتی سیشنز ہوں گے۔ یہ فورم گزشتہ روز پانچ جون سے شروع ہوا ہے اور یہ آٹھ جون تک جاری رہے گا۔ فورم میں عمان، متحدہ عرب امارات، آذربائیجان، افریقہ، وینزویلا، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، انڈونیشیا، ملائیشیا اور دیگر ممالک شامل ہیں اور ان ممالک کی کاروباری شخصیات تقریباً چار سو مختلف پروگراموں، کاروباری مباحثوں اور سرگرمیوں میں شرکت کریں گی۔ صدر ولادیمیر پوتن سات جون کو دوپہر دو بجے فورم کے مکمل اجلاس سے خطاب کریں گے۔ صدر پوتن اپنے خطاب میں ملکی اور عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر فلسطین اور یوکرین کے بارے میں بھی بات کریں گے۔ اس کے علاوہ صدر پوتن عالمی معیشت اور توانائی کی موجودہ صورتحال اور ان مسائل پر بھی بات کریں گے جو اس وقت عالمی تجارت اور مالیاتی نظام کو درپیش ہیں۔ فورم کے دوران سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم میں چھ سو بلین روبل یعنی چھ اعشاریہ چھ بلین ڈالر سے زیادہ کے معاہدے ہوں گے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News