اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی کی تقریب

اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی کے بانی ڈاکٹر جمعہ خان مری نے بھارتی جارحیت کے خلاف مری قبائل کی جانب سے پاکستان اور افواج پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھنے کی کوشش کی تو اسے عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ اوورسیز پاکستان بلوچ یونٹی روس کے زیر اہتمام ماسکو میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہا کہ مری قبائل پاکستان کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی کے لیے بالکل تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے کسی بھی جارحیت کا مظاہرہ کیا تو اس کا ایسا حشر کیا جائے گا کہ اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بہادر فوجی جوان بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے بالکل تیار ہے اور تمام مری قبائل پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے بالکل تیار ہیں۔ پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ نے اس موقع پر ڈاکٹر جمعہ خان مری کی قیادت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے جس بہادری اور دانشمندی سے اقدامات اٹھائے ہیں وہ ہمارے دشمن کے لیے ایک سبق اور دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ تقریب میں پاکستانی فنکاروں نے ملی نغمے گا کر پاکستانیوں کے جذبات کو خوب گرمایا۔ دوران تقریب ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News