کازان سے برکس سربراہی اجلاس کی براہ راست تفصیل

روس کے شہر کازان میں برکس سربراہی اجلاس کے تیسرے اور آخری روز رہنماؤں نے اپنے خطابات میں فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کو ختم کرنے پر زور دیا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا تھا کہ سب غزہ کی صورتحال پر فکر مند ہیں اور خطے میں کشیدگی سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات پر عمل درآمد کریں گے۔ صدر پوتن نے کہا کہ برکس خطے کے تنازعات کو روکنے کی ضرورت کو تسلیم کرتا ہے اور ہم کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ صدر پوتن نے ایرانی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی ایسوسی ایشن میں ایران کی فعال شرکت پر بہت اعتماد کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ صدر ولادیمیر پوتن نے برکس کا اپنا ایک اقتصادی پلیٹ فارم بنانے کے خیال پر بات کرنے کی تجویز پیش کی۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سماجی اور اقتصادی کمزوری بڑھتی جا رہی ہے جبکہ طاقت کا توازن بدل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور مالیاتی میکنزم جو دوسری جنگ عظیم کے بعد کے دور کی پیداوار ہیں، موجودہ تقاضے پورے نہیں کر سکتے۔ اردوان کا مزید کہنا تھا کہ ہم منصفانہ عالمی ترقی اور سلامتی کے لیے کثیر قطبی نظام کو فروغ دینے کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News