سفارتخانہ پاکستان ماسکو میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب

ماسکو میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی، سفارتخانے کے افسران اور اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر سفیر محمد خالد جمالی نے صدر پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ وزیراعظم پاکستان کا پیغام سیکنڈ سیکرٹری حمد طیب نے پڑھ کر سنایا۔ صدر کے پیغام میں کہا گیا کہ کشمیر تنازعہ دنیا کے قدیم ترین بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے کیونکہ بھارت مقامی لوگوں کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر کے بڑے حصوں پر قابض ہے۔ وزیراعظم کے پیغام میں کہا گیا کہ ہم آج یہاں یوم یکجہتی کشمیر منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں جو ہر سال پانچ فروری کو منایا جاتا ہے، تاکہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اور مضبوط حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے جو اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کر رہے ہیں۔ مقررین نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی اور مقبوضہ کشمیر کے جغرافیائی اور آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، پاکستان کشمیر کی اخلاقی اور ہر قسم کی مدد جاری رکھے گا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ کشمیر دنیا کا سب سے طویل ترین تنازعہ ہے اور ہماری یہ مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کو حل کیا جائے۔ تقریب میں بھارتی قابض فوج کے مظالم کی عکاسی کرنے والی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم اور بربریت پر خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی اور کشمیری گیتوں اور ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News