سفارتخانہ پاکستان ماسکو میں عید ملن پارٹی

روس کے دارالحکومت ماسکو میں سفارت خانہ پاکستان میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی کی جانب سے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ماسکو کی ممتاز کاروباری شخصیت ڈاکٹر طارق چوہدری تھے جبکہ عید ملن پارٹی میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات سمیت خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ عید ملن پارٹی میں پاکستان کے ملی نغمے پیش کیے گئے اور تقریب میں عید کا کیک بھی کاٹا گیا۔ سفارت خانہ پاکستان ماسکو کے تھرڈ سیکرٹری نے گٹار پر ملی نغمے پیش کیے۔ پاکستانی کمیونٹی سے محمد بھٹی نے اے پاکستان پیارے وطن ملی نغمہ پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ اس کے بعد محمد بھٹی کے بیٹے دانیال نے بانسری کی دھن پر ملی نغمہ پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ پاکستانی طلبہ اور کمیونٹی کے ارکان نے بھی ملی نغمے پیش کر کے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ڈاکٹر طارق چوہدری کا بھی شکریہ ادا کیا جو ہر دفعہ یہ پروگرام ترتیب دیتے ہیں۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو بھی عید کی مبارکباد پیش کی۔ آج ماسکو میں عید الفطر بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی اور پاکستانی کمیونٹی نے بہت اچھا پروگرام کیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان محمد خالد جمالی نے ڈاکٹر طارق چوہدری، دفاعی اتاشی اور ملک شہباز سمیت دیگر مہمانوں کے ساتھ مل کر عید کا کیک کاٹا اور اس کے بعد پاکستانی بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ دنیا نیوز روس
Shahid Ghumman, Correspondent Dunya News Russia