ماسکو: صدر پوتن کی مسلمانوں سے عیدالفطر گھروں میں منانے کی اپیل

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے مسلمانوں سے عیدالفطر گھروں میں منانے کی اپیل کر دی ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور مسلمانوں کے لیے بہت مقدس ہے اور تمام مسلمان عیدالفطر کا تہوار بڑی گرمجوشی سے مناتے ہیں لیکن اس سلسلے میں کوئی اجتماع نہ کریں اور اس تہوار کو گھروں میں منائیں۔ روس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے اکانوے افراد ہلاک جبکہ آٹھ ہزار نو سو سڑسٹھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ روس میں متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ نوے ہزار چھے سو اٹھہتر اور مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار سات سو بائیس ہو چکی ہے۔ روسی وزیراعظم میخائل میشوستین تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم روس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کسی حد تک کامیاب ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ روس کے پچاسی ریجنز میں سے چھبیس ریجنز میں پابندیاں کم کرنے کے اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ روس کے صارفین کے تحفظ کے ادارے نے روسی ایئرلائنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ مسافروں کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے بنائی گئی جگہ کے لیے اپنی پروازوں کو پچاس فیصد سے زیادہ نہ بھریں۔ کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر روس کی جانب سے اپریل میں امریکہ کو امدادی سامان بھیجا گیا تھا، اب امریکہ نے روس کو دو سو وینٹی لیٹرز بھیجنے کا اعلان کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News