روسی صدر پیوٹن اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات 16جولائی کو فین لینڈ کے شہرہیلسنکی میں ہوگی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ دونوں صدور فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی میں ملاقات کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سولہ جولائی کو فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی میں پہلی باضابطہ سربراہی ملاقات کریں گے۔ کریملن اور واشنگٹن کے حکام نے بھی ملاقات کی تصدیق کر دی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے معاون نے ملاقات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات کئی گھنٹوں پر مشتمل ہوگی جبکہ ناشتے سے لے کر پروٹوکول اور ملاقات تک کے تمام معاملات بھی طے پا چکے ہیں۔ ملاقات میں عالمی مسائل، ہتھیاروں کا کنٹرول، دو ہزار سولہ میں امریکی انتخابات میں روسی مداخلت اور روس کی جی ایٹ میں واپسی سمیت دیگر اہم معاملات پر بات چیت ہوگی۔ عالمی مبصرین کے مطابق دنیا کی دونوں بڑی طاقتوں کی ملاقات عالمی برادری کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جان بولٹن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور پوتن کے درمیان براہ راست ملاقات امریکہ کے بہترین مفاد میں ہے۔

رپورٹ: شاہد گھمن، نمائندہ 92 نیوز
Shahid Ghumman, Correspondent 92 News